واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کسی محدود معاہدے کے بجائے ایک جامع ڈیل کا خواہاں ہے، جس کا مقصد خطے میں دیرپا استحکام قائم کرنا ہے۔
یونیورسٹی آف جارجیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ گزشتہ 49 برسوں میں اس سطح کے اعلیٰ ترین امریکا ایران مذاکرات پہلی بار ہو رہے ہیں، تاہم دہائیوں پر محیط عدم اعتماد ایک رات میں ختم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی “چھوٹی ڈیل” کے حق میں نہیں، اسی لیے تاحال حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔
نائب امریکی صدر کے مطابق امریکا چاہتا ہے کہ ممکنہ معاہدہ ایسا ہو جس کے تحت ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے اور ریاستی سطح پر مبینہ غیر مستحکم سرگرمیوں سے گریز کرے۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان میں بھی اس عمل سے متعلق پیشرفت کا ذکر کیا تھا، تاہم اب تک مکمل ڈیل نہیں ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران عالمی معیشت کا حصہ بنے اور اگر ایران “نارمل رویہ” اختیار کرے تو امریکا بھی اس کے ساتھ معمول کے معاشی تعلقات قائم کر سکتا ہے۔
نائب صدر کے مطابق اس وقت مذاکرات میں کچھ پیشرفت ضرور ہوئی ہے اور جنگ بندی برقرار ہے، تاہم حتمی معاہدے کیلئے مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔
