کراچی میں بارش کے بعد قوسِ قزح کا دلکش نظارہ، شہریوں کے دل موہ لیے

0

کراچی: گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں قوسِ قزح کے حسین رنگ بکھر گئے، جس نے شہریوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا اور ایک دلکش منظر پیش کیا۔

بارش تھمنے کے بعد آسمان صاف ہوتے ہی شہر کے کئی حصوں میں مکمل قوسِ قزح دیکھی گئی، جسے شہریوں نے اپنے موبائل کیمروں میں محفوظ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ یہ خوبصورت منظر خاص طور پر سعدی ٹاون  اور ماڈل کالونی سمیت مختلف علاقوں میں واضح طور پر دیکھا گیا۔

تصاویر اور ویڈیوز میں بادلوں کے درمیان ابھرتی ہوئی قوسِ قزح شہر کی اسکائی لائن پر ایک منفرد منظر پیش کر رہی تھی۔ بعض مناظر میں مکمل قوسِ قزح دکھائی دی جو نایاب اور خوش کن تجربہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق شہریوں نے اپنے گھروں اور اطراف سے یہ دلکش نظارہ کیمرے میں قید کیا، جسے صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق بارش کے بعد سورج کی روشنی کے پانی کے قطروں سے گزرنے کے باعث قوسِ قزح بنتی ہے، تاہم شہری علاقوں میں اس قدر واضح اور مکمل قوسِ قزح کا نظر آنا کم ہی دیکھنے میں آتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.