پیٹرول مہنگا، عوام پر بوجھ ناقابلِ برداشت، دفاع ممکن نہیں: شاہد آفریدی
کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے پہلے ہی پسی ہوئی عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی اور اس کا دفاع ممکن نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے وضاحت کی کہ کچھ عناصر ان کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کر کے غلط تاثر دے رہے ہیں کہ وہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زیر گردش ویڈیو دراصل حالیہ اضافے سے پہلے کی ہے، جس کا مقصد توانائی کے بچت اور کم استعمال سے متعلق آگاہی دینا تھا، اور یہ ویڈیو وزارتِ اطلاعات کی درخواست پر تیار کی گئی تھی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ موجودہ اضافے نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور مہنگائی کے اس بوجھ کو کسی طور درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔
حکومت نے حالیہ فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد مہنگائی میں مزید شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
