کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر اربوں روپے اضافی بوجھ پڑنے کی توقع
اسلام آباد:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین پر مزید مالی دباؤ پڑ سکتا ہے۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی گئی ہے، جس پر کل سماعت ہوگی۔ درخواست کے مطابق بجلی ایک ماہ کے لیے 1 روپے 64 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
منظوری کی صورت میں صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، جبکہ اس اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔
سی پی پی اے کے مطابق فروری کے دوران 7 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو 7 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ یونٹس فراہم کی گئی۔ فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت 8 روپے 15 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ فروری کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، جس کے باعث فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔
