اسلام آباد: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف تاجر جاں بحق، واقعے کی تحقیقات جاری
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں معروف تاجر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز فارم ہاؤس میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے معروف بزنس مین عامر اعوان شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔
ادھر طلال چودھری، وزیر مملکت برائے داخلہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، تاہم اس سنگین واردات کی مکمل تحقیقات کر کے تمام حقائق میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی اندھے قتل کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سزائیں دلوائی گئی ہیں۔
