ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے بحری کمانڈر علی رضا تنگسیری شہید
تہران:ایران نے تصدیق کی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سرکاری خبر رساں پلیٹ فارم "سپاہ نیوز” کے مطابق کمانڈر علی رضا تنگسیری اسرائیلی فضائی حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور بعد ازاں اپنے زخموں کے باعث دم توڑ گئے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسرائیل نے چند روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک کارروائی میں ایرانی بحری کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی جانب سے اس ہلاکت کی تصدیق کے بعد خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ایک اعلیٰ عسکری عہدیدار کی موت ایران کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، جبکہ اس کے ممکنہ ردعمل سے مشرقِ وسطیٰ میں حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے دوران دونوں جانب سے اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں جنگ کے پھیلنے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
