آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: بھارتی بیٹنگ جوڑی ٹاپ ٹو پر، راشد خان بولنگ میں دوبارہ نمبر ون
نئی دہلی: آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی، جس میں بھارتی بیٹنگ جوڑی ابھیشیک شرما اور ایشان کشن پہلی اور دوسری پوزیشن پر قابض ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے بھارتی بیٹنگ جوڑی نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹو پوزیشن حاصل کی ۔
ابھیشیک شرما 875 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار، جبکہ ایشان کشن نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اگر ایشان کشن اپنی کارکردگی کو جاری رکھیں تو انہیں ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے کا موقع حاصل ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان نے 2022 میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل کی تھیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ چار درجے ترقی کے بعد کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ۔
انگلینڈ کے جیکب بیتھل سنچری کی بدولت کیریئر کی بہترین 16 ویں پوزیشن پر آگئے۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ سنجو سیمسن ترقی پا کر 22 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان دوبارہ نمبر ون بن گئے۔ انگلینڈ کے عادل راشد ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بھارت کے جسپریت بمراہ ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر ہیں۔ اکسر پٹیل، ہاردک پانڈیا اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے بھی بولنگ رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔
