صدر آصف علی زرداری کا گلگت بلتستان میں پرتشدد مظاہروں اور املاک کو نقصان پہنچانے کا سخت نوٹس
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان، خصوصاً سکردو کے بعض علاقوں میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پرتشدد مظاہروں کی مذمت کی ہے۔ ان مظاہروں کے باعث عوامی اور نجی بنیادی ڈھانچے کو وسیع نقصان پہنچا جبکہ معمولاتِ زندگی بھی شدید متاثر ہوئے۔
صدر نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم اس حق کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے عوامی، نجی اور غیر سرکاری تنظیموں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کی، جن میں سرکاری عمارتیں، تعلیمی ادارے اور بین الاقوامی اداروں کے دفاتر شامل ہیں۔
صدر کے مطابق ایسے اقدامات غیرقانونی ہیں اور متعلقہ قوانین کے تحت سنگین جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، جن کا کسی بھی صورت میں جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
صدر آصف علی زرداری نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ استحکام اور قانون کی پاسداری قومی مفاد اور عوامی اعتماد کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
