وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کا جائزہ، آذربائیجان کے تعاون پر اظہارِ تشکر
اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی صورتحال سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کو ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ایران میں موجود پاکستانی شہری بحفاظت وطن واپس پہنچ رہے ہیں جبکہ آذربائیجان میں قائم پاکستانی سفارتخانہ اس عمل کو مؤثر بنانے کیلئے پوری طرح متحرک ہے۔
وزیرِ اعظم نے ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کے عمل میں برادر ملک آذربائیجان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں دوست ممالک کا تعاون قابلِ قدر ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ اس تمام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور واپسی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانے ہر وقت پاکستانی شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے دستیاب رہیں۔
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثنا اللہ خان ، وزیرِ مملکت طلال چودہری ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
