چینی وزیر خارجہ کا اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ، ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کی مخالفت

0

بیجنگ:چین نے ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کیے گئے فوجی حملوں کی مخالفت کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے منگل کے روز اپنے اسرائیلی ہم منصب گیڈیون سار سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں ہوتا بلکہ اس سے نئے مسائل جنم لیتے ہیں اور طویل المدتی سنگین نتائج سامنے آتے ہیں۔

بیان کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ ’فوجی طاقت کی اصل اہمیت میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ جنگ کو روکنے میں ہے‘۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین بین الاقوامی اور علاقائی تنازعات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے اور موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس سے قبل چینی وزیر خارجہ نے پیر کے روز ایران، عمان اور فرانس کے وزرائے خارجہ سے بھی بات چیت کی تھی۔ چینی وزیر خارجہ نے اتوار کے روز روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی ایران کی صورتحال پر گفتگو کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.