وزیراعظم شہباز شریف کا سلطانِ عمان سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف  نے سلطانِ  آف سلطنت عمان ہیثم بن طارق سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جو اسرائیل  کی جانب سے ایران  پر حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث مزید بگڑ چکی ہے۔ اس تناؤ نے پورے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں، جن میں عمان کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کر رہا تھا۔

شہباز شریف  کا کہنا تھا کہ حالیہ حملوں نے نہ صرف نازک سفارتی عمل کو متاثر کیا بلکہ خطے میں مکالمے اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید بگاڑ کو روکنے اور سفارتی عمل کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے عمان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے سلطان ہیثم بن طارق کی قیادت میں مسقط کی تعمیری سفارت کاری کی تعریف کی، جس نے علاقائی اور عالمی فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان کی متوازن اور دوراندیش خارجہ پالیسی خطے میں استحکام کی علامت ہے۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے سفارتی اقدامات کی مشترکہ حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.