وزیراعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

0

دوحہ: قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے، جس کی قیادت چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کر رہے تھے، وزیراعظم  شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ میں کیو بی اے کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ شراکت داری میں نجی شعبے کی قیادت کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

 وزیراعظم نے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے متعارف اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفد کو انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے شفافیت اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے ون ونڈو پلیٹ فارم کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

اس موقع پر شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقوں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاک-قطر سرمایہ کاری ٹاسک فورس کے متوقع دورۂ دوحہ اور تجارتی فورمز کے انعقاد کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

فریقین نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور تاجروں کے درمیان روابط آسان بنانے اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.