یاسمین راشد کا نواز شریف کی کامیابی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع
اسلام آباد:ڈاکٹر یاسمین راشد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی کامیابی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹربیونل نے ان کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کی۔
اپیل کے متن کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے حقائق اور قانون کا درست جائزہ نہیں لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مؤقف اپنایا ہے کہ فارم 45 میں تبدیلی انتخابی عمل کی شفافیت کے آئینی تقاضوں کے منافی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حتمی نتائج مرتب کرنے کے لیے امیدواروں کو نوٹس جاری کرنا قانونی تقاضا تھا، تاہم نتائج مرتب کرتے وقت کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔
اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں کامیاب امیدوار قرار دیا جائے۔
