پاکستان ہاکی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بڑا اقدام

ایڈہاک صدر محی الدین وانی کا انتظامی اور کھیل سے متعلق امور الگ کرنے کا فیصلہ

0

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے قومی کھیل ہاکی کے تنظیمی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا۔

محی الدین وانی کے مطابق ہاکی کے انتظامی اور کھیل سے متعلق امور کو الگ الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دو اہم کمیٹیوں کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو روز میں گورننس مینجمنٹ کمیٹی اورپروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی کمیٹیوں کے قیام سے قومی کھیل ہاکی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

محی الدین وانی کے مطابق گورننس مینجمنٹ کمیٹی پی ایچ ایف کے انتظامی امور کو بہتر بنانے پر کام کرے گی، جس میں ہیومن ریسورس، مالیاتی امور، ریسورس موبلائزیشن، کمیونیکیشن اور رابطہ کاری کے ماہرین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی رابطہ کاری کرے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی میں سابق اولمپینز، اسپورٹس کوچز، ٹرینرز اور اسپورٹس میڈیسن کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا تاکہ قومی سطح پر ہاکی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.