بنوں میں پولیس مقابلہ: 3 دہشتگرد ہلاک، 9 زخمی ، 2 اہلکار معمولی زخمی
بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہوگئے، دو پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق دہشتگردوں نے رات گئے پولیس سٹیشن احمدزالی اور پولیس چوکی فتح خیل پر حملے کیے، جس کے بعد پولیس کی جانب سے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 9 زخمی حالت میں فرار ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
