فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ حملوں میں بلوچستان پولیس کی لازوال قربانیاں، لواحقین کا عزم غیرمتزلزل
کوئٹہ :فتنہ الہندوستان کے بزدلانہ حملوں کے سامنے بلوچ غیور عوام اور سکیورٹی فورسز ایک آہنی دیوار ثابت ہوئے۔ بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو سکیورٹی فورسز اور عوام کے باہمی اتحاد، عزم اور قربانیوں نے خاک میں ملا دیا۔
ان حملوں کے دوران بلوچستان پولیس کے بہادر افسر اے ایس آئی محمود الرحمٰن نے دفاعِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کی قربانی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ امنِ بلوچستان کے تحفظ کے لیے پولیس فورس کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔
شہید کے بھائی نے فتنہ الہندوستان کے سرپرست بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھائی کا شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی محمود الرحمٰن شہید نے ہمیشہ فرض کی ادائیگی کو اولین ترجیح دی اور قوم کے امن کے لیے اپنی جان نچھاور کر دی۔
لواحقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے ایس آئی محمود الرحمٰن شہید کی بلوچستان کے امن کی خاطر دی گئی لازوال قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور شہدائے پاکستان قوم کے ماتھے کا جھومر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
عوام اور سکیورٹی اداروں کے باہمی اتحاد نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ وطنِ عزیز کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اور امن دشمن عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
