لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ہڑتال کی کال بری طرح ناکام ہوئی اور پورے پنجاب میں زیرو ہڑتال، زیرو شٹرڈاؤن اور زیرو پہیہ جام رہا۔
لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو سراہا اور کہا کہ عوام نے منفی رویوں اور بدتمیزی کے کلچر کو مسترد کر دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت زندہ ہوئی اور ملک بھر سے لوگ جشن منانے لاہور آئے۔ لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر دل خوش ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کے دوران ایس او پیز پر مجموعی طور پر عملدرآمد ہوا، اگرچہ چند انفرادی واقعات پیش آئے جن میں چھتوں سے گرنے کے حادثات شامل ہیں، تاہم گلا کٹنے سے ایک بھی موت نہیں ہوئی۔ ماضی میں بسنت کو خونی بسنت کہا جاتا تھا، لیکن اس بار صورتحال مختلف رہی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کل دی گئی ہڑتال کی کال کو عوام نے مکمل طور پر رد کیا۔ پنجاب کے کسی بھی حصے میں ہڑتال نہیں ہوئی۔ اتوار کے باعث معمول کے مطابق دکانیں بند تھیں، جسے ہڑتال قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عوام نے انتشاری اور فسادی رویوں کو مسترد کر کے ثابت کر دیا کہ فتنہ و فساد کا کلچر قابلِ قبول نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ارب پتیوں کی ایسی کالیں غریب عوام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوتی ہیں، خوش آئند بات یہ ہے کہ لوگوں نے گالم گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کو یکسر مسترد کیا اور پی ٹی آئی کی عیاری کامیاب نہ ہو سکی۔
