گداگری کا پیشہ ملک میں سب سے زیادہ ’’روزگار‘‘ میسر کر رہا ہے: خواجہ آصف

0

سیالکوٹ:وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گداگری اب ملک میں ایک منظم اور منافع بخش پیشہ بن چکی ہے اور یہ کاروبار سب سے زیادہ ’’روزگار‘‘ فراہم کر رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھیک منگوانے کے لیے اب باقاعدہ ٹھیکیدار موجود ہیں جو بچوں، عورتوں اور جعلی معذور افراد کو بھرتی کر کے کروڑوں روپے کماتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا  کہ یہی مافیا ہزاروں بھیک مانگنے والوں کو خلیجی ممالک بھیج رہا ہے، جس کے باعث متعلقہ ممالک تنگ آ کر پاکستان کے ویزے بند کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ایئرپورٹس پر مختلف محکموں کا عملہ بھی حصہ دار ہے اور اس غیر قانونی سرگرمی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ سیالکوٹ میں زیادہ تر بھکاری جنوبی پنجاب سے آ کر ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں اور منظم طریقے سے گداگری کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس کی حالیہ کارروائیوں سے اس کاروبار میں کسی حد تک کمی آئی ، تاہم اس کے باوجود سڑکوں اور بازاروں میں بھکاریوں کی موجودگی اب بھی نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر خوشحال اور بااثر افراد ان بھکاریوں کے اصل ٹھیکیدار ہیں، اور جب گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جاتا ہے تو یہی افراد سفارشی بن کر سامنے آ جاتے ہیں۔

وزیر دفاع  نے مزید کہا کہ گداگری کا یہ کاروبار کسی بھی شہر میں انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں اور اس کے ساتھ کئی دیگر سنگین اور غیر اخلاقی جرائم بھی جڑے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.