لیبیا کی مسلح افواج کے نائب کمانڈر اِن چیف کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد :لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری، جدت طرازی اور ملٹی ڈومین صلاحیتوں کی ترقی پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی خود انحصاری، تکنیکی جدت اور انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ کا ذکر کرتے ہوئے برادر فضائی افواج کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تجربات کے تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایئر چیف نے لیبیا کی فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک فضائیہ کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات کے دوران وفد کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت پاک فضائیہ کے جاری اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جو جدت، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور پاکستان میں ایک مضبوط و خود انحصاری پر مبنی ایرو اسپیس ماحولیاتی نظام کے قیام کا مرکز ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پرتپاک استقبال پر سربراہ پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے فضائی و زمینی عملے کے آپریشنل تجربے سے استفادہ حاصل کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مشترکہ تربیتی پروگرامز، عسکری مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
ایئر ہیڈکوارٹرز میں لیبیائی وفد کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
