بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مزید 22 دہشتگرد ہلاک، 3 روز میں تعداد 177 ہو گئی
کوئٹہ:بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز میں گزشتہ رات مزید 22 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جس کے بعد گزشتہ تین روز کے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 177 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس نے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے، جب کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور گزشتہ رات ہونے والے تعاقبی آپریشنز کے دوران یہ مزید ہلاکتیں ہوئیں۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اضافی نقصانات پہنچنے اور مزید ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں، تاہم ان کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔سکیورٹی اداروں کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
