شارجہ : بارش کے دوران سڑک پر خطرناک کرتب دکھانے پر 8 گاڑیاں ضبط، ڈرائیورز گرفتار
شارجہ میں بارش کے دوران سڑکوں پر خطرناک کرتب دکھانے پر پولیس نے 8 گاڑیاں ضبط کر کے ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے بارش کے دوران غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور خطرناک اسٹنٹس پرشارجہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ان ڈرائیورز کی لاپرواہی کے باعث دیگر شہریوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
شارجہ پولیس کے جنرل کمانڈ کے ٹریفک اینڈ پیٹرولز ڈائریکٹوریٹ نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق خطرناک ڈرائیونگ کے مرتکب افراد پر 2 ہزار درہم (تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جبکہ گاڑیاں 60 دن تک ضبط رکھنے کی سزا بھی مقرر ہے۔
شارجہ پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
