مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد ان کی بیوہ عہدے کے لیے نامزد

0

بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں نائب وزیر اعلیٰ کی ہلاکت کے بعد سیاسی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رکنِ پارلیمنٹ سنیترا پاوار، جو دو روز قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پاوار کی اہلیہ ہیں، ہفتے کے روز مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔

اجیت پاوار 28 جنوری کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں جان سے گئے تھے، جس کے بعد مہاراشٹر میں نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ خالی ہو گیا تھا۔

این سی پی کی ترجمان روپالی پاٹل تھومبرے نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے سنیترا پاوار کو یہ ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ کیا، کیونکہ سیاست میں وقت کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور فیصلے بروقت کرنا ناگزیر ہوتا ہے۔

دوسری جانب این سی پی کے سربراہ اور اجیت پاوار کے چچا شرد پاوار نے کہا ہے کہ انہیں سنیترا پاوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کے فیصلے کے بارے میں پہلے سے کوئی اطلاع نہیں تھی۔ بارامتی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی فیصلہ ہے اور اس حوالے سے بات چیت ممبئی میں سینئر رہنماؤں کے درمیان ہو رہی ہے۔

شرد پاوار کا کہنا تھا کہ اجیت پاوار کی وفات کے بعد تیزی سے کیے گئے فیصلے مہایوتی حکومت کی اندرونی حکمتِ عملی کا حصہ معلوم ہوتے ہیں، تاہم خاندان میں اتحاد برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خاندان میں کوئی مسئلہ ہو تو خاندان متحد رہتا ہے، اور وہ اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.