ایران پر حملہ پوری مسلم دنیا پر حملہ تصور ہوگا: ایرانی سفیر
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اسے صرف ایران پر نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا اور اب بھی امید ہے کہ موجودہ صورتِ حال جنگ کی طرف نہیں جائے گی، تاہم اگر ایران پر کوئی حملہ کیا گیا تو اس کے سنگین اور دور رس نتائج ہوں گے۔
رضا امیری مقدم نے ایران میں حالیہ پرتشدد واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کارروائیوں اور بدامنی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، پرتشدد واقعات میں 2 ہزار سکیورٹی اہلکاروں سمیت 3 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
ایرانی سفیر کے مطابق کارروائیوں کے دوران 690 دہشتگرد بھی مارے گئے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امریکا کے مطالبات ایران کے لیے قابل قبول نہیں۔
انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے ایران کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان نے اصولی مؤقف اپنایا اور کشیدگی میں کمی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔
ایرانی سفیر نے جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کی یہ حمایت ایران ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھے گا۔
