یورپی یونین نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا

0

برسلز/تہران: یورپی یونین نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے متفقہ طور پر پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے یورپی یونین کے اس فیصلے کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے ’غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی‘ قرار دیا ہے۔ ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ’امریکا اور صہیونی حکومت کی بالادست اور غیر انسانی پالیسیوں کی اندھی تقلید‘ کے تحت کیا گیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب ایران کی مسلح افواج کا ایک اہم اور طاقتور حصہ ہے، جسے 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ یہ فورس باقاعدہ ایرانی فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور براہِ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔

پاسدارانِ انقلاب ایران کے دفاع، بیرونی فوجی آپریشنز اور خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار فعال اہلکاروں پر مشتمل یہ فورس (ریزرو سمیت تعداد 6 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے) ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگراموں کی نگرانی کرتی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں مختلف اتحادی گروہوں کی حمایت بھی کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.