دبئی میں دنیا کی پہلی سونے کی سڑک بنانے کا اعلان
دبئی: دبئی حکومت نے دنیا کی پہلی ’’گولڈ اسٹریٹ‘‘ (سونے کی سڑک) بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سڑک دبئی کے نئے قائم کیے گئے گولڈ ڈسٹرکٹ کا حصہ ہوگی، جس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کو ایک نئے سیاحتی اور تجارتی مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جہاں دنیا کی پہلی گولڈ اسٹریٹ مرحلہ وار ڈیزائن اور تعمیر کے ساتھ جلد متعارف کرائی جائے گی۔
دبئی حکومت کے مطابق گولڈ ڈسٹرکٹ میں ایک ہزار سے زائد گولڈ ریٹیلرز پر مشتمل نیا مرکز قائم کیا جا رہا ہے، جہاں ریٹیل، ہول سیل، سرمایہ کاری اور زیورات سے متعلق مکمل ویلیو چین ایک ہی مقام پر دستیاب ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد دبئی کو عالمی سطح پر سونے اور زیورات کی تجارت کے سب سے بڑے مراکز میں مزید مضبوط بنانا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق سونا دبئی کی شان اور تجارتی ورثے کی علامت ہے، اور گولڈ اسٹریٹ اس شناخت کو مزید اجاگر کرے گی۔
