امریکا ایران کشیدگی سے فضائی آپریشن متاثر، فرانس نے مشرق وسطیٰ کیلئے پروازیں معطل کر دیں
دبئی: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک نے مشرق وسطیٰ کیلئے اپنی پروازیں معطل یا محدود کر دی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر فرانس نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مشرق وسطیٰ، بالخصوص دبئی اور دیگر اہم روٹس کیلئے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ اسی طرح نیدرلینڈز کی ایئر لائن کے ایل ایم (KLM) نے بھی متحدہ عرب امارات اور خطے کے دیگر ممالک کیلئے فضائی آپریشن روک دیا ہے۔
ادھر برطانیہ کی اسرائیل کیلئے پروازیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ کینیڈا نے بھی تل ابیب کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
اماراتی میڈیا کے مطابق امریکا نے اسرائیل جانے والی پروازوں میں احتیاطی تبدیلیاں کی ہیں تاکہ مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔علاوہ ازیں جرمنی نے بھی ایران کیلئے فضائی سروس معطل کر دی ہے، جبکہ دیگر یورپی ایئر لائنز نے ایرانی، عراقی اور اسرائیلی فضائی حدود سے گریز شروع کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات، خطے میں امریکی فوجی نقل و حرکت اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث ایئر لائنز احتیاطی اقدامات کر رہی ہیں، جس سے مشرق وسطیٰ کی فضائی آمد و رفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
فضائی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں مزید ممالک اور ایئر لائنز بھی پروازوں کی معطلی یا روٹ تبدیلی کا اعلان کر سکتی ہیں۔
