26 جنوری یومِ سیاہ: آزاد کشمیر بھر میں عوامی ریلیاں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے مطالبے کی تجدید

0

مظفرآباد: بھارت کے نام نہاد یومِ جمہوریہ کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر بھر میں 26 جنوری کو یومِ سیاہ منایا گیا، جس کے تحت مختلف شہروں اور علاقوں میں بھارتی مظالم کے خلاف پُرامن اور بھرپور عوامی ریلیاں نکالی گئیں۔

ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی سفاکیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے قابض بھارتی فورسز کے خلاف جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض نظام کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں۔

شرکا کا کہنا تھا کہ وہ بندوق کے سائے میں قائم حکمرانی کو نہ تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی اسے چلنے دیں گے۔ ریلیوں کے دوران مظاہرین نے دنیا کو پیغام دیا کہ بھارت جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک فاشسٹ اور جابرانہ نظام کے تحت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

شرکا نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے ان کی ریاستی حیثیت چھین لی اور کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ تیز کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے بھارت کو یومِ جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں۔

ریلیوں میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام متحد ہیں اور اپنے سیاسی، آئینی اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یہ عوامی سرگرمیاں اس اجتماعی شعور کی عکاس ہیں کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.