چترال میں برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق، ایک بچہ زخمی، وزیرِ اعظم   کی  این ڈی ایم اے کو  برفباری کے بعد کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت

0

 چترال کے علاقے ڈومیل میں ایک گھر پر برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ ڈی سی آفس چترال کے مطابق واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئیں۔

ڈی سی آفس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں، جبکہ زخمی بچے کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع خیبر کے وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے آئی ڈی پیز کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں بروقت اقدامات کیے گئے جس کے نتیجے میں تمام متاثرہ خاندان محفوظ رہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیرِ اعظم نے متاثرین کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت جاری کی ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.