سول سروس محض ملازمت نہیں بلکہ عوامی خدمت کے مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے: چیئرمین ایچ بی ایل
کراچی: چیئرمین ایچ بی ایل سلطان علی الانا نے کہا ہے کہ سول سروس محض ایک ملازمت نہیں بلکہ یہ عوامی خدمت کے مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں 45ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (بی ایس-18 افسران) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے گورننس نظام میں سول سروس کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں سلطان علی الانا نے میرٹ کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ جب میرٹ کمزور ہوتا ہے تو نتائج بھی کمزور ہوتے ہیں، جبکہ میرٹ کو نظر انداز کرنے سے نظام میں نااہلی کو فروغ ملتا ہے جو مزید نااہلی کو جنم دیتی ہے۔
انہوں نے سنگاپور کے سابق رہنما لی کوان یئو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط سیاسی قیادت کو ایک غیر جانبدار، ایماندار اور میرٹ پر بھرتی ہونے والی سول سروس کی ضرورت ہوتی ہے۔
چیئرمین ایچ بی ایل نے افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی مشینری اور عام شہریوں کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ کا کام اختیارات کو احتساب میں بدلنا ہے، جبکہ سول سروس کا کردار صرف انتظامیہ چلانا نہیں بلکہ عوامی اعتماد، وسائل اور قومی وقار کی نگہبانی بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی اور سکیورٹی کے پیچیدہ چیلنجز سے گزر رہا ہے اور ٹیکنالوجی معاشرے کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔
آخر میں سلطان علی الانا نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے محکموں میں واپس جا کر عوام کی بات زیادہ سنیں، مشاورت کو فروغ دیں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، غریبوں اور نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیں۔
