چین ، لندن تعلقات میں نیا موڑ ،کیئر اسٹارمر آئندہ ہفتے بیجنگ جائیں گے

0

لندن: برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر آئندہ ہفتے چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں برطانیہ اور چین کے درمیان ماضی کے ’سنہری دور‘ کے تجارتی مذاکرات کی بحالی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو دوبارہ متحرک کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور اس مقصد کے تحت وزیراعظم اسٹارمر کا یہ دورہ نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے سینئر عہدیداروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ سرکاری سطح کے ساتھ ساتھ نجی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ برطانیہ اور چین ایک سی ای او کونسل قائم کرنے پر بھی متفق ہو گئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے بڑے کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

سی ای او کونسل کا تصور پہلی مرتبہ 2018 میں اس وقت کی برطانوی وزیراعظم تھریسا مے اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے پیش کیا تھا، جب دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات کو ’سنہری دور‘ قرار دے رہے تھے۔ اب ایک بار پھر اسی فریم ورک کے تحت تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین یورپ میں اپنا سب سے بڑا سفارت خانہ لندن میں تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کی برطانیہ نے منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ اقدام بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔

کیئر اسٹارمر کا یہ دورہ 2018 کے بعد کسی بھی برطانوی وزیراعظم کا پہلا دورہ چین ہوگا۔ اسٹارمر انتظامیہ کا مقصد دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے ساتھ تعلقات کو ازسر نو استوار کرنا اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

تاہم برطانوی میڈیا کے مطابق گرین لینڈ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے باعث یہ دورہ ملتوی بھی ہو سکتا ہے، جس پر حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.