بنگلورو ایئرپورٹ پر کورین خاتون کو گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سے مبینہ جنسی ہراسانی کا سامنا
نئی دہلی: بھارت کے بنگلورو ایئرپورٹ پر ایک کورین خاتون کو مبینہ طور پر گراؤنڈ اسٹاف کے اہلکار کی جانب سے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خاتون پیر 19 جنوری کو کوریا جانے والی پرواز کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھیں۔ امیگریشن چیک مکمل کرنے کے بعد وہ ٹرمینل کی جانب جا رہی تھیں کہ گراؤنڈ اسٹاف کے ایک مرد اہلکار، جس کی شناخت محمد عفان کے نام سے ہوئی، نے ان سے ٹکٹ دکھانے کا مطالبہ کیا۔
خاتون کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ ان کے چیک اِن سامان میں کوئی مسئلہ ہے اور مشین نے مخصوص آواز پیدا کی ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ چیکنگ میں کافی وقت لگے گا اور اس دوران ان کی فلائٹ چھوٹ سکتی ہے، اس لیے الگ سے ان کی چیکنگ کی جا سکتی ہے۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ عفان خاتون کو مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا جہاں اعتراض کے باوجود اس نے مبینہ طور پر غیر اخلاقی طور پر چھوا۔ خاتون کے مطابق مزاحمت کرنے پر ملزم نے انہیں گلے لگا کر شکریہ کہا اور وہاں سے چلا گیا۔
متاثرہ خاتون نے فوری طور پر ایئرپورٹ سکیورٹی کو واقعے کی اطلاع دی، جس پر اہلکاروں نے ملزم کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
بعد ازاں پولیس نے ایئرپورٹ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں ملزم کی مبینہ قابلِ مذمت حرکت کی تصدیق ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
