اداکار راشد محمود شدید علیل، مداحوں سے صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل
لاہور: پاکستان کے معروف سینئر اداکار راشد محمود شدید علیل ہو گئے ہیں اور انہوں نے اپنی صحتیابی کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔ اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی موجودہ طبی حالت سے متعلق آگاہ کیا۔
راشد محمود نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا کہ وہ گزشتہ 21 دنوں سے بستر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی دل کے مریض ہیں اور اب انہیں مہروں (ریڑھ کی ہڈی) کی ایک نئی اور تکلیف دہ بیماری لاحق ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے انہیں شدید درد اور چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سینئر اداکار کے مطابق ڈاکٹروں کی جانب سے مختلف طبی ٹیسٹ کیے گئے اور علاج کے بعد اب ان کی حالت میں کچھ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب وہ تھوڑا بہت چلنے کے قابل ہو گئے ہیں، تاہم درد ابھی بھی موجود ہے، اگرچہ اس کی شدت پہلے کے مقابلے میں کم ہو چکی ہے۔
راشد محمود نے ویڈیو پیغام میں مداحوں سے خصوصی طور پر دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مکمل صحتیاب ہونا چاہتے ہیں تاکہ دوبارہ کام پر واپس جا سکیں اور اپنے اہل خانہ کی کفالت جاری رکھ سکیں۔
مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر راشد محمود کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
