کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر29 ہوگئی ہے، جبکہ ریسکیو اداروں کی جانب سے ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ کے ملبے سے ایک لاش کے کچھ حصے برآمد ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید لاپتا افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص موجود ہے، اس وقت تک عمارت کو نہیں گرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افراد کی تلاش مکمل ہونے کے بعد ہی پوری عمارت کو منہدم کیا جائے گا۔
جاوید نبی کھوسو نے مزید بتایا کہ گل پلازہ کے ساتھ واقع رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایس بی سی اے سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر ضروری ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے تاکہ حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
