گرین لینڈ پر ایسا فیصلہ کریں گے کہ نیٹو بھی خوش ہو اور ہم بھی: صدر ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ سے متعلق ایسا قدم اٹھایا جائے گا جس سے نیٹو بھی مطمئن ہوگا اور امریکہ بھی۔
واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیٹو امریکا کے بغیر زیادہ مضبوط نہیں، نیٹو کے لیے جتنا کام انہوں نے کیا اتنا کسی اور صدر یا شخصیت نے نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ نیٹو کے ساتھ نہ دیتے تو آج نیٹو کا وجود ہی نہ ہوتا اور وہ تاریخ میں راکھ کا ڈھیر بن چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے نیٹو کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے سابق وینزویلا صدر نکولس مادورو سے جیل میں ملاقات کرنے میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔
ٹیرف سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ سپریم کورٹ ٹیرف کے معاملے پر کیا فیصلہ دے گی، اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ اگر کیس ہار گئے تو سیکڑوں ارب ڈالر کے ٹیرف واپس کرنا پڑ سکتے ہیں، تاہم ٹیرف قانونی طور پر نافذ کیے گئے ہیں اور اب ان کی وصولیاں واپس کرنا آسان نہیں ہوگا۔
