وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

0

لاہور:پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ستھرا پنجاب اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔

بل کے مطابق ستھرا پنجاب اتھارٹی ایک بااختیار کارپوریٹ ادارہ ہوگی، جس کی چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گی جبکہ وزیر بلدیات وائس چیئرمین کے فرائض انجام دیں گے۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز اتھارٹی کے ممبران ہوں گے۔

اتھارٹی صوبے میں ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق پالیسی سازی، قوانین اور معیارات کے تعین کے علاوہ لینڈفل سائٹس کی تعمیر کی ذمہ دار ہوگی۔ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر ستھرا پنجاب ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

بل کے تحت ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لائسنسنگ، رجسٹریشن اور فیس وصولی کے اختیارات حاصل ہوں گے، جبکہ ویسٹ مینجمنٹ انسپکٹرز کی تقرری بھی ڈسٹرکٹ اتھارٹی کرے گی۔ دیہی علاقوں میں صفائی اور حفظانِ صحت کی بہتری کی ذمہ داری بھی اسی اتھارٹی کے سپرد ہوگی۔

مزید براں ستھرا پنجاب اتھارٹی اپنی فراہم کردہ خدمات کے لیے فیس مقرر کر سکے گی، جبکہ اتھارٹی کے فیصلوں کو براہِ راست عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.