امریکی جنگی طیاروں کی گرین لینڈ آمد شروع، نوراڈ کی تصدیق
واشنگٹن / گرین لینڈ:امریکہ کے جنگی طیارے گرین لینڈ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکی اور کینیڈین مشترکہ دفاعی ادارے نوراڈ (NORAD) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچ جائیں گے۔
نوراڈ کے مطابق اس منصوبہ بندی سے گرین لینڈ کی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ امریکی طیاروں کی نئی کھیپ کی تعیناتی کے عمل میں ڈنمارک حکومت سے مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ دفاعی ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی فورسز کو تمام ضروری سفارتی اجازت نامے حاصل ہیں۔
گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خود مختار علاقہ ہے۔ 1951 میں امریکہ اور ڈنمارک کے درمیان گرین لینڈ دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکہ نے گرین لینڈ کو ممکنہ جارحیت سے تحفظ فراہم کرنے کا عزم کیا تھا۔
اسی طرح امریکہ اور کینیڈا نے 1958 میں سرد جنگ کے آغاز پر مشترکہ دفاعی معاہدہ نوراڈ پر دستخط کیے تھے، جس کا بنیادی مقصد بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ کی بروقت نگرانی اور اطلاع فراہم کرنا ہے۔
