پاک فضائیہ کا ایف-16 دستہ کثیر ملکی مشقوں میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گیا
ریاض: پاکستان فضائیہ کا ایف-16 دستہ کثیر ملکی فضائی مشقوں میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشقیں “اسپیئرز آف وکٹری” کے نام سے منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، فرانس سمیت 10 ممالک کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقیں جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی جنگی ماحول میں کی جا رہی ہیں، جن کے دوران پاکستانی پائلٹس جدید غیر ملکی جنگی طیاروں کے خلاف عملی فضائی مشقیں انجام دیں گے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے ایف-16 بلاک 52 طیارے جدید ایویونکس اور بی وی آر (Beyond Visual Range) صلاحیتوں سے لیس ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ طویل فاصلے کی نان اسٹاپ پرواز نے پاک فضائیہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ثابت کر دیا ہے۔
