افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، دہشتگردی کا دوبارہ سر کچلیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان طالبان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور دشمن عناصر کی جانب سے انہیں ہر طرح کے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے، تاہم جس طرح 2018 میں دہشتگردی کا قلع قمع کیا گیا تھا، اسی عزم کے ساتھ ایک بار پھر دہشتگردوں کا سر کچلا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کی موجودگی خوش آئند ہے اور آج پہلے سے کہیں زیادہ باہمی اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل مل بیٹھ کر بات چیت اور مشاورت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

