ریڈیو پاکستان کو الوداع، عشرت فاطمہ بطور مینٹور پی ٹی وی کا حصہ بن گئیں

0

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ ممتاز نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ اب بطور مینٹور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے وابستہ ہوں گی۔

یہ اعلان وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں عشرت فاطمہ کی رہائش گاہ پر ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔

عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی میں بطور ماہر اور سرپرست عشرت فاطمہ کی دوبارہ شمولیت کی درخواست قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وسیع تجربہ نئے آنے والے نیوز کاسٹرز کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عشرت فاطمہ مختلف حالات میں خبریں پڑھنے اور پیش کرنے کے فن میں مہارت رکھتی ہیں اور ان کا کیریئر شاندار رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عشرت فاطمہ کی آواز ہر پاکستانی کے لیے پہچان ہے اور وہ ساڑھے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک قوم کی خدمت کرتی رہی ہیں۔ ریڈیو پاکستان سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے ذاتی طور پر عشرت فاطمہ سے درخواست کی کہ وہ نئی نسل کی تربیت اور اردو زبان کے فروغ کے لیے پی ٹی وی سے منسلک ہوں۔ ان کی واپسی پی ٹی وی کو بطور ادارہ مزید مضبوط بنائے گی۔

اس موقع پر عشرت فاطمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خبریں پڑھنا ان کا جنون ہے۔ انہوں نے نئی ذمہ داری سونپنے پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ نوجوان نسل کی تربیت اور ادارے کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی منتظر ہیں۔عشرت فاطمہ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام شعبوں میں باصلاحیت اور اہل افراد کی حوصلہ افزائی کا عمل جاری رکھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.