ممکنہ امریکی حملے کا خدشہ: بھارت نے اپنے تمام شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی
نئی دہلی: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ امریکی حملے کے خدشے کے پیشِ نظربھارت نے اپنے تمام شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایران میں بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ تمام بھارتی شہری، جن میں طلبہ، زائرین، تاجر اور سیاح شامل ہیں، دستیاب ذرائع استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر ایران سے روانہ ہو جائیں۔
سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ایران میں جاری مظاہروں اور احتجاجی مقامات سے دور رہیں اور ہر وقت سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہِ راست رابطے منقطع ہو چکے ہیں، جس کے بعد خطے میں ممکنہ حملوں کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی عوام سے احتجاج جاری رکھنے اور ریاستی اداروں کے خلاف کھڑے ہونے کا کہا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ “مدد پہنچ رہی ہے”۔ اس کے بعد امریکی صدر نے اپنے شہریوں اور اتحادی ممالک کے افراد کو بھی ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق خطے کی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، جس کے باعث مختلف ممالک اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔
