کام نہ کرنے کا جھوٹا بیانیہ بنا کر سندھ کے وسائل پر ڈاکا ڈالنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

0

تھرپارکر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں سندھ حکومت پر تنقید کر کے جھوٹا بیانیہ پھیلا رہی ہیں تاکہ سندھ کے وسائل پر قبضہ کر سکیں اور 18 ویں ترمیم کے تحت دیے گئے صوبائی اختیارات واپس لے سکیں۔

تھرپارکر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ سندھ کے عوام کی ترقی کا راستہ صرف اسلام آباد سے نکلے گا، تھر کے عوام نے اسے غلط ثابت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر میں پیپلز پارٹی کے کیے گئے کام ان قوتوں کے بہترین جواب ہیں اور انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پارٹی تھر کے عوام سے محبت کرتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا اور اختیارات وفاق کو دے دیے جائیں، مگر **تھر میں کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے، یہاں اتنا کوئلہ موجود ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو نے اس منصوبے کا آغاز کیا تھا لیکن سازش کے تحت اسے روکا گیا۔ اس منصوبے سے نہ صرف تھر میں معاشی انقلاب آیا بلکہ اسلام آباد کو بھی بجلی فراہم ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کاری سے پورے تھر میں صحت کے اداروں کا جال بچھایا گیا، کوئلے کے منافع کا ایک حصہ تھر فاؤنڈیشن کو دیا جاتا ہے، اور 2008 سے آج تک سندھ کی یونیورسٹیوں کی تعداد دگنی کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی دوسرا صوبہ سندھ سے اس مقابلے میں نہیں جیت سکتا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.