ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے ملزمان کا ایف آئی اے میں کوئی مالی یا سائبرکرائم ریکارڈ نہیں ملا
پشاور: ڈاکٹر وردہ قتل کیس کے ملزمان کے مالی اور سائبر کرائم ریکارڈ کے حوالے سے ایف آئی اے کا جواب سامنے آ گیا ہے، جس کے مطابق ملزمان کے خلاف کوئی منی لانڈرنگ، مالی جرائم یا سائبر کرائم ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
ایف آئی اے نے پولیس کو ارسال کیے گئے خط میں بتایا کہ نامزد ملزمان عبدالوحید، ندیم اور ردا جدون کے خلاف کوئی ایف آئی آر یا انکوائری زیر التوا نہیں اور نہ ہی ان سے متعلق کوئی خفیہ یا انٹیلی جنس معلومات دستیاب ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا کہ سفری ریکارڈ، واچ یا اسٹاپ لسٹ کے حوالے سے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر سے رجوع کیا جائے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں ایف آئی اے کو خط لکھ کر پولیس کی طرف سے ملزمان کی مالی تفصیلات، ممکنہ مشکوک مالی لین دین، سفری معلومات اور واچ لسٹ اسٹیٹس طلب کی تھیں۔یہ معلومات کیس کی تفتیش کے لیے اہم ہیں اور پولیس اب دیگر ثبوتوں اور شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری رکھے گی۔
