فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع کی ملاقات،پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق
راولپنڈی: جمہوریہ انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سجامسو الدین نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا اور ادارہ جاتی روابط، تربیتی تعاون اور دفاعی صنعت میں شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے خطے کے امن و استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے دفاع کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کی انڈونیشیا کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ مضبوط، دیرپا اور ہمہ جہت دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور اسٹریٹجک مفادات کے اشتراک پر مبنی ہے، جسے مزید وسعت دی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے دفاعی تعاون کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے اور مستقبل میں قریبی روابط کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
