پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: انڈونیشیا کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین کی سربراہی میں راولپنڈی میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج اور وزارت دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کو ایک قریبی دوست اور برادر مسلم ملک سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط نے دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کی رفتار کو مزید تیز کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے پاکستان میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں موجود وسیع صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق سے آگاہ کیا۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کے عمل کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ اس سے مستقبل میں دفاعی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے دوطرفہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خیرسگالی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے انڈونیشیا کے حکام کو دفاعی تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے لیے دفاعی نمائش آئیڈیاز۔2026 میں بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی۔

اس موقع پر انڈونیشیا کے وفد کی جانب سے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین نے پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے جس کی ثقافت بھرپور، جمہوریت فعال اور معیشت متحرک ہے۔ دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر طویل مدتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔
