کراچی شدید سردی کی لپیٹ میں، کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری تک گر گیا
کراچی:شہرِ قائد ان دنوں شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرد ہواؤں اور خشک موسم کے باعث شہریوں کو شدید سردی کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت اس سے بھی کم رہا۔
جناح ٹرمینل پر سب سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گلستانِ جوہر اور شاہراہِ فیصل پر کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری، ماڑی پور میں 10 اور بن قاسم کے علاقے میں 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق سرد موسم کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خاص طور پر بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
