غیر قانونی امیگریشن مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رکھی جائے: محسن نقوی

0

اسلام آباد:وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ایف آئی اے کے کراچی و لاہور زونز کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور غیر قانونی امیگریشن و انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ائیرپورٹس پر امیگریشن چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور سفری دستاویزات کی سخت اسکریننگ یقینی بنائی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نام پر کسی صورت حرف آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.