سکیورٹی خدشات: بنگلادیش نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا روک دیا
ڈھاکہ: بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت میں مزید تین اہم سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بنگلادیش کی وزارت خارجہ نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔ تازہ فیصلے کے تحت بھارتی شہریوں کے لیے کاروباری اور ملازمت کے ویزوں کے علاوہ تمام اقسام کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق کولکتہ میں بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں سیاحتی ویزوں سمیت دیگر تمام ویزا خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
بنگلادیشی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت میں جن مشنز میں سکیورٹی سے متعلق واقعات پیش آئے ہیں وہاں ویزا خدمات معطل کی گئی ہیں اور یہ فیصلہ مکمل طور پر سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر کو بنگلادیش نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی میں قائم ویزا سینٹر میں ویزا اور قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔
