پی آئی اے لاہور سے لندن فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
لاہور:پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لاہور سے لندن کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پہلی پروازپی کے 757، 30 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگی اور برطانیہ کے ہییتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل چار پر لینڈ کرے گی۔ یہ پروازیں چھ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
لندن پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے، اور اس روٹ کی بحالی کو ایئرلائن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ لاہور سے لندن کی پروازوں کے آغاز کے بعد پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی مجموعی تعداد سات ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔
ترجمان کے مطابق لندن کے لیے پروازوں کی تعداد آئندہ دنوں میں بتدریج بڑھائی جائے گی۔ اس سے قبل پی آئی اے نے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جو 29 مارچ سے آغاز ہوں گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی بحالی سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ایئرلائن کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مزید وسعت ملے گی۔
