امریکہ واحد ملک ہے جس سے چین اور روس خوفزدہ ہیں:صدر ٹرمپ
واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ وہ واحد ملک ہے جس سے چین اور روس دونوں خوفزدہ ہیں اور اگر امریکا نیٹو کا حصہ نہ ہوتا تو اس دفاعی اتحاد کی کوئی حیثیت نہ رہتی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے بغیر نیٹو بے اثر ہو جاتا، کیونکہ روس اور چین صرف اسی امریکہ سے خوفزدہ ہیں جسے ان کے بقول انہوں نے دوبارہ مضبوط اور باوقار بنایا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں ایک بار پھر آٹھ جنگیں ختم کروانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ناروے، جو نیٹو کا رکن ملک ہے، نے انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد نہیں کیا، تاہم اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے مطابق انہوں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے اقتدار میں آنے سے قبل نیٹو کے بیشتر رکن ممالک اپنی دفاعی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے تھے اور فوجی اخراجات کے طے شدہ اہداف حاصل نہیں کیے جا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیٹو ممالک کو دفاعی بجٹ 5 فیصد جی ڈی پی تک بڑھانے پر مجبور کیا، جس کے بعد اب رکن ممالک فوری طور پر ادائیگیاں کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر امریکہ کو کبھی ضرورت پڑی تو شاید نیٹو ممالک اس کے لیے موجود نہ ہوں، تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود امریکہ ہمیشہ نیٹو کے ساتھ کھڑا رہے گا، چاہے نیٹو امریکا کے لیے موجود ہو یا نہ ہو۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو اس وقت روس پورے یوکرین پر قابض ہو چکا ہوتا۔
