میٹا کا واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا تحفہ، 2026 کے آغاز پر گروپ چیٹس کے 3 نئے فیچرز متعارف
میٹا نے دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں 2026 کے اولین فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید بہتر اور مؤثر بنانا ہے۔
گروپ چیٹس کے لیے تین نئے فیچرز
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ میں گروپ چیٹس کے لیے تین نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں ممبر ٹیگز، ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈر شامل ہیں۔
ممبر ٹیگز فیچر کیا ہے؟؟
ممبر ٹیگز فیچر کے ذریعے صارفین ہر چیٹ گروپ میں اپنا نِک نیم یا ٹیگ رکھ سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنی شخصیت کے اظہار اور گروپ میں اپنے کردار یا رول کو واضح کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔کمپنی کے مطابق صارفین ہر گروپ میں مختلف ٹیگز استعمال کر سکیں گے۔
ٹیکسٹ اسٹیکرز: لفظ کو اسٹیکر میں بدلیں
واٹس ایپ کا دوسرا نیا فیچرٹیکسٹ اسٹیکرز ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی لفظ کو اسٹیکر میں تبدیل کر سکیں گے۔اس کے لیے مطلوبہ لفظ اسٹیکر سرچ میں ٹائپ کرنا ہوگا جبکہ ان اسٹیکرز کو اسٹیکر پیکس میں محفوظ کرنا بھی ممکن ہوگا۔
ایونٹ ریمائنڈر فیچر
تیسرا فیچر ایونٹ ریمائنڈر ہے، جس کے تحت واٹس ایپ میں اب کسٹم ایونٹ ریمائنڈر سپورٹ شامل کر دی گئی ہے۔صارفین کسی بھی گروپ میں ایونٹ بنا کر اس کے لیے مخصوص ریمائنڈر سیٹ کر سکیں گے تاکہ کوئی اہم سرگرمی یا پروگرام نظر انداز نہ ہو۔
جلد تمام صارفین کو دستیاب
میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کا آغاز گروپ چیٹس کو اپ گریڈ کرنے کا بہترین وقت ہے۔ کمپنی کے مطابق ان فیچرز کو متعارف کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ بہت جلد تمام واٹس ایپ صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
